اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 56ویں یومِ تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا پیپلزپارٹی صرف جماعت نہیں، تحریک ہے،پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار بھٹو ،بینظیر شہید کے نامکمل مشن کو پایہ تکمیل پر پہنچانے کےلئے پرعزم ہیں۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہاپاکستان میں جمہوریت کی اہمیت و افادیت ،آئین و پارلیمان کی بالادستی جیالوں سے بہتر اور کوئی نہیں سمجھ سکتا،وفاقی اکائیوں کو کالونی کی طرح چلانے کی خواہشمند مرکزیت پسند سوچ اٹھارویں آئینی ترمیم کی جگہ17ویں ترمیم کو کسی نئی شکل میں بحال کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاجب تک ایک بھی جیالا زندہ ہے، صوبائی خودمختاری ،عوامی خوشحالی کے ایجنڈے پر آنچ آنے نہیں دےگا،جیالے کمر کس لیں، نفرت، تقسیم اور استحصال کی پرانی سیاست کو فیصلہ کن شکست دینے کےلئے 8فروری اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے،عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی فتح 22کروڑ عوام کی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی زنجیروں سے آزادی کی ضمانت ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار بھٹو کی فلاسفی ،بینظیر بھٹو شہید کے مشن روٹی کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہیں ،بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنائیں گے جو طبقاتی استحصال سے پاک ہوگا ۔
آصف زرداری نے جمہوریت کی بحالی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے جیالوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہدا جمہوریت قوم کے ہیرو ہیں، ترقی یافتہ خود مختار پاکستان کی تعمیر کریں گے۔
جیالے کمر کس لیں، نفرت، تقسیم اور استحصال کی سیاست کو فیصلہ کن شکست دینگے،بلاول

















