ڈسکہ میں تجاوزات مافیا بے لگام،ٹریفک کا گھنٹوں جام رہنا معمول

ڈسکہ(محمد امین خان) ڈسکہ شہر میں تجاوزات مافیا بے لگام،سڑکوں پر نمائش نما چیزیں رکھ دی گئیں،اسسٹنٹ کمشنر آفس ڈسکہ کے قریب تجاوزات کی بھرمار ہوگئی، سکولز وکالجز سے چھٹی کے وقت گھنٹوں ٹریفک جام رہنامعمول بن گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر آفس کے قریب ملحقہ سروس روڈاور فٹ پاتھ پر دکانداروں نے قبضہ جما رکھا ہے کچہری چوک میں تاجروں نے کئی کئی فٹ باہر دکانیں سجا لیں اور بعض نے پختہ تجاوزات قائم کر لیںتجاوزات مافیا نے اپنا مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے۔ مختلف قائم کردہ دکانوں، مارکیٹوں، ریڑھیوں اور مختلف سٹالز نے ڈسکہ شہر کی سڑکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تجاوزات مافیا نے عملہ تہہ بازاری میونسپل کمیٹی ڈسکہ سے با قاعدہ ساز باز کر رکھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ تہہ بازاری اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کر رہا ہے۔

ریسٹ ہاﺅس چوک ،کچہری چوک ،فوارہ چوک ،پسرور روڈ چوک ،مین بازار ،سمبڑیال روڈ،کالج روڈ اور دیگر شہری حدود میں بری طرح تجاوزات قائم ہو چکی ہے۔تجاوزات کی وجہ سے اسسٹنٹ کمشنر آفس کے پاس کچہری چوک میں سکولز و کالجز سے چھٹی کے وقت گھنٹوں ٹریفک جام رہتی ہے اور ایمبولینس بھی پھنس جاتی ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ متعلقہ افسروں کو کئی بار شکایت کر چکے ہیں مگر وہ ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیتے ہیں۔اہلیان ڈسکہ نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور دیگرارباب اختیار سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے۔