قصور،مقررہ سرکاری اجرت نہ ملنے پرمزدوروں کا احتجاج کا اعلان

قصور (مہر حسن حسین)مزدوروں کو سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق معاوضہ نہ دیا گیا تو بھرپو ر احتجاج کریں گے۔پاور لومز اور فیکٹری مالکان اس سلسلے میں محکمہ لیبر کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ،سوشل سیکورٹی کارڈ بھی نہیں بنوائے جارہے ۔ان خیالات کااظہار صدرلالہ صادق گجر نے اتحاد پاور لومز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں صوفی اللہ دتہ، حاجی جمیل ،لیاقت علی، محمد حنیف، ماما رشید، رضوان انصاری، مہربان و دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

لالہ صادق گجر نے مزید کہا کہ دو مہینے قبل اس سلسلے میں لیبر کوٹ میں درخواست دی اور حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہوئے بھی دو مہینے ہوچکے ہیں مگر پاورلومز اور فیکٹری مالکان نے اس نوٹیفکیشن پر عمل نہیں کیا اور مقررہ معاوضے سمیت دیگر سہولیات مزدوروں کو نہیں دی جارہی۔مزدوروں کے مطالبے پر مالکان بدمعاشی پر اتر آتے ہیں اور مختلف حیلوں بہانوں سے مزدوروں کو بغیر کسی وجہ کے نوکری سے فارغ کر دیتے ہیں۔مزدوروں کے سوشل سیکورٹی کارڈ بھی نہیں بنوائے جارہے ۔

لیبر آفیسر کاشف عزیز نے مالکان کو چار دفعہ بلایا لیکن مالکان نے کوئی عمل نہیں کیا۔ اس سلسلے میںلیبر آفیسرنے انتھک جدوجہد اور محنت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور کو درخواست دے دی ہیں کہ عمل درآمد کروایا جائے۔ ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے اگر عمل درآمد نہ کروایا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوگا۔ مہنگائی کے باعث مزدور خودکشیاں پر مجبور ہیںجبکہ سرمایہ دار فیکٹری مالکان غریب مزدوروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر ان کے ساتھ سخت زیادتی کر رہے ہیں جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔مزدوروں کا استحصال کرنے والوں کا ہر محاذ پر محاسبہ کریں گے اور مزدوروں کو ان کے جائز حقوق ہر صورت دلوا کر ہی دم لیں گے۔