ووٹ لوں اور کچھ نہ کروں تو مجھ سے بڑا ظالم کوئی نہیں:نوازشریف

مری (مشرق نیوز)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے کہا ہے سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا، عوام کو سبز باغ دکھانے کی بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، حقوق اللہ معاف ہو سکتے ہیں، حقوق العباد نہیں،عوام کی خوشحالی کا خواب لے کرپھر آرہے ہیں، لوگوں کو دھوکہ دے کر ووٹ لوں اور کچھ نہ کروں تو مجھ سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوگا،نواز شریف کےخلاف کچھ نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دو، کس نے ملک کو اس حال پر پہنچایا، قصے کہانیاں تو آپ سن ہی رہے ہیں یہ کردار تھے ان لوگوں کے، ہنستے بستے ملک کو اپنے ہاتھوں سے خود اجاڑا ،سبق نہیں سیکھتے،غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل ٹھیک کریں۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پارٹی کارکنوں سے ملاقات کر کے خوشی ہو رہی ہے، میرا مری کے بھائیوں، دوستوں اور کارکنوں سے مضبوط رشتہ ہے، مری میرا دوسرا گھر ہے،دن رات محنت کر کے بجلی کے منصوبے لگائے اور مکمل کیے، 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں ہم نے شامل کی، ہم نے اپنے دور میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

نواز شریف نے کہا پہلی بار ہم سندھ میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لائے ،کوئلہ ملکی پیداوار ہے، ہزاروں میگا واٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے، ہمارے دور کے بعد کس قسم کا دور تھا، ملک کا کلچر تباہ ہوگیا ، تباہی پھیر دی ،جب میں وزیراعظم تھا تو ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کیلئے 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی جس کو ٹھکرا دیا، میں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا، ہمارے دور میں ڈالر104، روٹی 4 روپے اور سبزی 10روپے کلو تھی، 25 ہزار روپے ماہانہ کمانے والا شخص آج گزرا کیسے کر سکتا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کو خیرباد کہا، کسی سے ایک دھیلا نہیں مانگا،ہمارے دور کی ترقی کی رفتار ایسے ہی جاری رہتی تو اندازہ کریں آج ملک کہاں ہوتا، دکھ اس بات کا ہے ملک کو اس نہج پر لانے پر کوئی سبق نہیں سیکھا، 3 مرتبہ ملک کا وزیر اعظم بنا، کوئی لالچ نہیں۔

سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی خدمت اللہ نے نواز شریف سے لی،4 سال میاں صاحب کو ملک سے دور رہنا پڑا،للہ نے موقع دیا تو مری کی تقدیر بدل دیں گے۔