نارووال:سموگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر28مقدمات درج،23لاکھ جرمانے

نارووال(حسن نواز ) ڈائریکٹرماحولیات اشرف نے کہاہے کہ ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضاکی زیرنگرانی میں انسدادسموگ کے حوالے سے ضلع میں کاروائیاں جاری ہیں،اس سلسلہ میں بھٹہ جات پرزگ زیگ ٹیکنالوجی کی چیکنگ کاسلسلہ جاری ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات نےزگ زیگ ٹیکنالوجی اورمحکمہ ماحولیات کی طرف سے اس سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں کہاکہ اس دوران سموگ ایکٹ کے تحت ایک ماہ کے دوران مجموعی طورپر23لاکھ روپے جرمانہ کیاگیااور 28مقدمات درج کیے گئے جبکہ11بھٹوں کوسیل کیاگیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹرماحولیات نے کہاکہ بڑھتی ہوئی سموگ انسانی صحت کے لیے مضرہونے کے ساتھ ساتھ ماحول کوبری طرح متاثرکررہی ہے جس کے منفی اثرات پیداہورہے ہیں,لہذا کسی بھی شخص کو جان لیوااقدامات کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی اس حوالے سے سموگ مخالف کے حوالے سے پنجاب حکومت کی واضح پالیسی پرعمل درآمدان کی اولین ترجیح ہے اوراس پرسوفیصدعمل درآمدکویقینی بنایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کےاحکامات کی روشنی میں سموگ کی روک تھام کے لیے ماحولیاتی پالیسی کے تحت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرا اورصحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں اینٹی سموگ سکوارڈ فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف متحرک انداز میں کام کر رہا ہے اور دھواں چھوڑنے والے بھٹہ خشت ، انڈسٹریل یونٹس، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف کاروائیوں کاسلسلہ جاری ہے۔اے ڈی ماحولیات نے اس حوالے سےعوام الناس سے التماس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کی روک تھام کے لیے سموگ کا باعث بننے والے ہر عنصر کے خلاف کاروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی معاونت کریں کیونکہ کوئی بھی مہم عوامی تعاون کے بغیر مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتی ۔