اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں زہر دینے کا الزام غیر ذمہ دارانہ ہے، نگراں حکومت نے گرفتار کیا اور نہ شاہی فرمان کے ذریعے رہا کر سکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں مکمل محفوظ اور ہماری ذمہ داری ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاپیپلز پارٹی کی طرف سے لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزام کو سنجیدہ نہیں لیتے،لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام ووٹرز کو متوجہ کرنے کا حربہ ہے،تمام جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، ترجیح ہے جلد الیکشن ہوں،چاہتے ہیں منتخب حکومت آئے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھالے،طالبان اچھی طرح جانتے ہیں کالعدم ٹی ٹی پی والے کہاں سے حملے کر رہے ہیں،ٹی ٹی پی وسطی ایشیائی ریاستوں میں نہیں افغان سرزمین پر موجود ہے۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویومیں وزیراعظم نے کہا اپنے آپ کو ووٹر کے سامنے مظلوم قرار دینا کسی بھی جماعت کا بیانیہ ہو سکتا ہے،ہو سکتا ہے پیپلز پارٹی بھی اپنے ووٹرز کےلئے اس قسم کی گفتگو کرے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا افغان طالبان اچھی طرح جانتے ہیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لوگ پاکستان کےخلاف کہاں سے کارروائیاں کر رہے ہیں،اب فیصلہ افغان طالبان کو کرنا ہے کالعدم ٹی ٹی پی کے لوگوں کو پاکستان کے حوالے کرنا ہے یا خود کارروائی کرنی ہے،افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف کارروائیاںبرداشت نہیں۔
عمران جیل میں محفوظ،افغان سرزمین سے حملے برداشت نہیں،وزیراعظم

















