اسرائیل کاپاگل پن پوری دنیا کو بھسم کردےگا،شہبازشریف

لاہور (اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے غزہ پر ایٹم بم گرانے کی اسرائیلی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے بیان ثبوت ہے صیہونی ریاست اور ایٹمی قوت انتہا پسند جنونیوں کے ہاتھ میں ہے، بےگناہوں کے قاتلوں کا پوری دنیا پر خود کش حملے کرنے کا منصوبہ ہے، آئی اے ای اے فی الفور صیہونی ریاست کی جوہری تنصیبات پر مانیٹر مقرر کرے۔

سابق وزیراعظم نے کہا دنیا صیہونی ریاست کی انتہا پسندی اور ایٹمی پاگل پن پر ٹھوس ردعمل دے، پاگل پن پوری دنیا کو بھسم کرنے کے مترادف ہے، نہتی، بےگناہ آبادی کے قتل عام پر خاموشی کے مزید بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں، ایٹم بم گرانے کا بیان مستقبل کی سوچ اور ارادوں کا پتہ دے رہا ہے۔

صدر ن لیگ نے کہاجنونیوں کو نہ روکا گیا تو دنیا جہنم بن جائے گی، عالمی برادری، سلامتی کونسل، اسلامی دنیا دھمکی کا سنجیدگی سے نوٹس لے، اسلامی ممالک سفارتی سطح پر مشترکہ مہم کا بھرپور آغاز کریں۔