جبالیہ کیمپ پر حملہ اسرائیلی جنگی جرائم کاثبوت ،دنیا فلسطینیوں کاقتل عام بند کرائے،وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں شہریوں کےخلاف بڑھتی اسرائیلی بربریت اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے قابل مذمت کارروائیوں کو کبھی معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا،فلسطینی عوام کے قتل عام کو بند کرانے کےلئے دنیا کو اب عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا گزشتہ روز جبالیہ کیمپ پر فضائی حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کی واضح مثال ہے،دنیا فلسطینیوں کاقتل عام بند کرائے۔

دریں اثنا اپنے بیان میںنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گلگت بلتستان کے غیور اور محب وطن باسیوں کو جنگ آزادی گلگت بلتستان کے 76سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاحکومت گلگت بلتستان میں ترقی،امن، خوشحالی اور نوجوان نسل کی ترقی کےلئے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کر تی رہے گی،گلگت بلتستان کے لوگ خوش قسمت ہیں آپ کی بے مثال قربانیوں سے آزادی کی نعمت ملی،مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اقوام متحدہ کی واضح قراردادیں موجود ہیں ،بھارتی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر ابھی تک حل نہیں ہوسکا۔