قریشی نے ضمانت درخواست دائر کر دی،اہل خانہ کی ملاقات

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری درخواست دائر کر دی،چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر اعتراضات کےساتھ سماعت کی۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ نے دستاویزات ترتیب سے نہیں لگائیں اس لیے اعتراض لگا، دستاویزات کو ترتیب سے لگا کر دوبارہ دے دیں،شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری نے کہادرخواست فوری معاملہ ہے اس لیے اگر جناب نوٹس فرما دیتے تو نوازش ہوتی،چیف جسٹس نے کہا آپ دستاویزات ترتیب سے دے دیں پھر نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔

دریں اثنا شاہ محمود قریشی سے فیملی ممبران کی کانفرنس روم میں ملاقات کرائی گئی، ملاقات کرنے والوں میں ظہورقریشی، معین قریشی اور زین قریشی شامل تھے۔