بجلی چوروں کیخلاف مہم، درجنوں ملزمان گرفتار، نادہندگان سے بھی وصولیاں

لاہور(خبرنگار)وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گزشتہ24گھنٹوں میں درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سینکڑوں کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 213کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 211بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے138درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ26 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشن میں 1انڈسٹریل،5کمرشل اور207 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے انکو 279,063 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت12,726,155 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ دوسری طرف لیسکوکے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے اصغر کی زیر نگرانی نادہندگان سے ریکوری کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن بھی بھر پور طریقے سے جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ایس ڈی او مانگا منڈی کعاب فاروق نے اپنے سٹاف کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے عزیز میڈیکل سینٹر میں بجلی چوری پکڑی۔تحقیقات کرنے پر پتہ چلاکہ عزیز میڈیکل سینٹر میں لیسکو کی ایل ٹی لائن سے تار لگا کر ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی اور لیسکو کو ماہانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ایس ڈی او کعاب فاروق نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے کنکشن منقطع کر دیا اور 150,500روپے ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے۔دوسری جانب گلیمر اڈا پر چیکنگ کرتے ہوئے ایس ڈی او کعاب فاروق کی زیر نگرانی اسٹاف نے 25کوارٹروں کو چیک کیا جہاں 3کنکشن لگے ہوئے تھے اور باقی ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر کے چلائے جا رہے تھے۔موقع پر ان کے کنکشن منقطع کر دئیے گئے۔ ملزمان کو ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا جائے گا۔مانگا منڈی میں رانا ارشد کیبل نیٹ ورک کا دفتر بھی بجلی چوری کرتا پکڑا گیا مانگا منڈی اسٹاف نے موقع پر کنکشن منقطع کیا اور اس کو 165,500روپے جرمانہ کیا گیا۔ تینوں ملزمان کیخلاف ایف آئی آر کی درخواست متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ہے۔