بجلی چوروں کیخلاف آپریشن ، 163 ملزمان کیخلاف مقدمات ، 36 زیرحراست
لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران گزشتہ24گھنٹوں میں درجنوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سینکڑوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے، ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں250کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،247بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے163درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ36 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں1انڈسٹریل،2زرعی،12کمرشل اور235 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو305,051 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت14,408,020 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ایسٹرن بائی پاس گجر پورہ کے علاقے میں کنکشن کو10090یونٹس (504,500) روپے،فیملی ان ہوٹل کے کنکشن کو22241یونٹس، (1,509,070) روپے،رام، کوٹ رائیونڈ سٹی کے علاقے میںکنکشن کو1740 یونٹس300,000 روپے اورانار کلی گوالمنڈی کے علاقے میں ایک کنکشن کو5825یونٹس300,000کی رقم چارج کی گئی ہے۔ 47 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک6942ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور پر20911 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،20699کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے19948درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک41,586,255 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1,808,715,646 ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

















