بہاولپور:پولیس مقابلہ،ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

بہاولپور( قاسم بھٹی)تھانہ اوچشریف کے علاقہ میں پولیس مقابلہ ، ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، ہلاک ڈاکو پر قتل، راہزنی و ڈکیتی بمعہ قتل کے درجنوں مقدمات درج تھے،تفصیلات کے مطابق تھانہ نوشہرہ جدید پولیس کے پاس ملزم عامر عرف عامری ڈکیتی معہ قتل کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر موجود تھا جس سے آلہ قتل کی ریکوری کی جانی تھی۔

پولیس ٹیم ملزم کو لیکر تھانہ اوچشریف کے علاقہ میں اسلحہ برآمدگی کےلئے گئی اور ملزم کی نشاندہی پر اسلحہ برآمد کرنے کے بعد واپس آرہی تھی کہ اسی دوران پولیس پر 5/6کس نقاب پوش ملزمان کے ساتھیوں نے جان لیوا اندھا دھند فائرنگ کردی، پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت رکاوٹ کا سہارا لیتے ہوئے دو چار جوابی فائر کیے، فائرنگ رکنے کے بعد دیکھا تو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوچکا تھا،حملہ آور نامعلوم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈکیتی شدہ موٹر سائیکل بھی موقع پر پھینک کر فرار ہوگئے ،پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیر لیااورفرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی اسپیشل ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں،ڈی پی او سید محمد عباس نے کہا ہے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔