لاہور(اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے وطن واپسی کے بعد ملاقاتوں و سیاسی سر گرمیوں کا آغاز کر دیا ، جاتی امرا رائے ونڈ میں مرکزی رہنماﺅں کی اہم بیٹھک ہوئی ،شہباز شریف ،مریم نواز ، حمزہ ،اسحاق ڈار، پرویز رشید ،اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگررہنماﺅں نے شرکت کی،موجودہ ملکی سیاسی صورتحال ، مینار پاکستان پر کامیاب جلسے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ نے پی ڈی ایم جماعتوں سے دوبارہ رابطوں کا فیصلہ کرلیا،سابق وزیراعظم شہبازشریف کی تجویز کے بعد نوازشریف اگلے 2روز میں سیاسی رابطوں کا آغاز کریں گے، نوازشریف، آصف زرداری، فضل الرحمن، عطا مینگل، بلاول بھٹو زرداری سمیت مختلف رہنماوں سے خود رابطے کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق ملاقات میں طے پایا نوازشریف پہلے قانونی معاملات پر فوکس ،پی ڈی ایم قیادت کا شکریہ ادا کریں گے،فیصلہ کیا گیان لیگ پیپلز پارٹی سے محاذ آرائی کی پالیسی اختیار نہیں کرے گی۔
دریں اثنا نوازشریف سے پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،اعظم نذیر تارڑ نے نواز شریف کے کیسزسمیت عدالتی امور پربریفنگ دی۔
نواز شریف نے کہا وکلاءتحریک چلائی،ہمیشہ قانون کا احترام کیا،میں نے، مریم ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے بے بنیاد کیسز بھگتے، تمام لوگ بے بنیاد جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوئے،سابق وزیراعظم نے کہاعوام کیلئے آیا ہوں، دعا ہے عام آدمی خوشحال ہو،نوازشریف نے مینار پاکستان جلسے پر اطمینان کا اظہار کیا اور پارٹی ترانے پر شاباش دی۔
پی ڈی ایم جماعتوں سے دوبارہ رابطوں کا فیصلہ،عوام کیلئے آیا ہوں،نوازشریف

















