والد کا ہیلی کاپٹر دیکھ کرآبدیدہ،مینار پاکستان چھوٹا پڑ گیا،(ن،ش)ساتھ کھڑی ہے،مریم

لاہور (رپورٹنگ ٹیم)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر پر جلسہ گاہ کے اوپر پہنچے تو مریم نوازوالد کا ہیلی کاپٹر دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں،آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا نوازشریف کو مٹانے والے کتنے آئے اورچلے گئے،دل کی گہرائیوں سے کارکنوں کو خوش آمدید کہتی ہوں، جلسے میںسندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان والے بھی پہنچے،رنگ روڈ، موٹرویز سمیت ہرجگہ رش رہا، مریم نواز نے کہااللہ جسے چاہے عزت اور ذلت دے، اللہ کسی کو ختم نہ کرے تو کوئی کسی کو ختم نہیں کرسکتا، شکر ادا کرتی ہوں،جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی وہ بھی سکرین پردیکھ رہے ہوں گے، میں سمجھتی تھی مینار پاکستان بہت بڑی جگہ ہے، مسلم لیگ ن کے شیروں کےلئے مینار پاکستان چھوٹا پڑگیا۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے حمزہ شہباز کاہاتھ پکڑ کر کہاکہتے تھے (ن) سے ش نکل جائےگی، دیکھ لو(ن) اور( ش) ساتھ کھڑی ہے،کوئی مخالف آج دور دور تک نظر نہیں آرہا۔

قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میںمریم نواز نے کہاجتنے دکھ اور تکالیف نواز شریف نے پچھلے 24سالوں میں سہے، شاید ہی کوئی مثال ہو اور کچھ زخم ایسے ہیں جو کبھی نہیں بھر پائیں گے مگر جتنے عروج بھی نواز شریف نے دیکھے وہ بھی شاید کسی اور کے حصے میں نہ آئے ہوں، پاکستان پھرنواز شریف کا ایک اور عروج دیکھنے جا رہا ہے۔