نوازشریف کی حفاظتی ضمانت درخواست پر نیب کو نوٹس،جواب طلب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنسز میںحفاظتی ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا،عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

حفاظتی ضمانت درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی،نواز شریف کے وکلا کی ٹیم کے رکن اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی استفسار پر بتایا نواز شریف 21 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے جب کوئی عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتا ہے تو عدالت موقع فراہم کرتی ہے، ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے اشتہاری ملزموں کو سرنڈر کرنے کےلئے حفاظتی ضمانت دی گئی،نواز شریف نے ضمانت کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا ، جب سزا سنائی گئی تب نواز شریف بیرون ملک تھے،عدالت نے استفسار کیا کیا نیب کی طرف سے عدالت میں کوئی موجود ہے،نیب پراسیکیوٹر نے کہااگرچہ وہ کسی اور مقدمے کےلئے عدالت میں موجود ہیں لیکن اس مقدمے میںبھی پراسیکیوٹر ہوں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہادلائل سنے ہیں اور اگر کوئی ملزم عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتا ہے تو کوئی اعتراض نہیں ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا اگر یہی ہدایات دی گئی ہیں تو نیب اپیلوں کی پیروی کیوں کر رہا ہے، آپ کو حفاظتی ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں، کل آپ کہیں گے فیصلہ ہی کالعدم قرار دے دیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پراسیکیوٹر نیب سے کہا آپ چیئرمین نیب سے پوچھ لیں اپیل کا فیصلہ بھی کر دیتے ہیں، پراسیکیوٹر نے کہاجب اپیل فکس ہو گی تو ہدایات لےکر دلائل دئیے جائیں گے، بعد ازاں عدالت نے نواز شریف کی درخواستوں پر نیب کو جمعرات کےلئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

قبل ازیں نوازشریف نے دائر درخواست میں استدعا کی سرنڈر کےلئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، عدالت تک پہنچنے کےلئے گرفتاری سے روکا جائے۔

نواز شریف نے موقف اختیار کیا غیرجمہوری قوتوں نے ماضی میں مجھے اور خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا،سیاسی منظرنامے سے ہٹانے کےلئے سازش تیار کی گئی، کرپش کا کوئی ثبوت نہ ملا تو تنخواہ نہ لینے کے الزام میں نکال دیا گیا،بطور وزیراعظم میرے دور میں اربوں ڈالرز کے منصوبے مکمل ہوئے، میرے خلاف جو کیس بنائے گئے وہ برقرار نہیں رہے،ضمانت کا کبھی غلط استعمال نہیں کیا،طبی بنیاد پر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوسکا تھا۔

علاوہ ازیں توشہ خانہ کیس میں بھی نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی جس میں دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا نواز شریف عدالت کے روبرو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، دائمی وارنٹ 24 اکتوبر تک کیلئے معطل کئے جائیں ،عدالت میں پیش ہوکر دستیاب سہولت سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے۔