ٹوبہ ٹیک سنگھ:مذہبی و سیاسی جماعتوں کی فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی

ٹوبہ ٹیک سنگھ( میاں افتخار احمد) فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی ،جس میں مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر چوہدری امجد علی جاوید ،جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا حسن معاویہ ،مجلس رفاہ عامہ کے صدر حافظ حفیظ الرحمن ،پاکستان علماءکونسل کے رہنما مولانا سعد اللہ لدھیانوی ،سید طلحہ عباسی ،محافظ شمس الزماں قادری ،صاحبزادہ منعم حسنین صدیقی ،مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے حافظ عمر فاروق ،پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری ذوالفقار علی زلفی ،جماعت اسلامی کے رہنما میاں محمد شعیب ایڈووکیٹ ،میاں وکیل احمد اور انجمن تاجراں کے نمائندوں سے شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاءنے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،شہر کے مختلف مقامات سے اسرائیل کے خلاف نکلنے والی ریلیاں شہبا ز چوک میں پہنچ کر ایک بڑے جلسہ کی شکل اختیار کرگئیں ،جہاں احتجاجی جلسہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے چوہدری امجد علی جاوید ،مولانا سعد اللہ لدھیانوی ،مولانا حسن معاویہ ،حافظ حفیظ الرحمن و دیگر مقررین نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق کیلئے امت مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے ،اور نہتے فلسطینی مسلمانوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس ظلم و بربریت کو فوری روکنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔