نواز شریف کو گرفتاری سے بچانے کیلئے حکمت عملی تیار

لاہور(اپنے رپورٹر سے)قانونی ٹیم نے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تفصیلی مشاورت مکمل کرلی،لیگی قیادت کی باہمی رضامندی سے حکمت عملی کو حتمی شکل دےدی گئی،نواز شریف کی وطن واپسی سے 2 روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت درخواست دائر کی جائے گی۔

قانونی ٹیم کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت ملنے کا یقین ہے، حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے،قانونی ٹیم نے کہامریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بریت سے نواز شریف کو عدالت سے بھرپور قانونی فائدہ ملنے کا امکان ہے۔

قائد ن لیگ وطن واپسی پر جلسہ کرنے کے بعد پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں سرنڈر کر دینگے، امکان ہے متعلقہ ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کرنے کے بعد عدالت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دے گی۔

ادھر ذرائع کے مطابق نواز شریف کا پاکستان روانگی سے قبل عمرہ ادائیگی کےلئے سعودی عرب جانے کا امکان ہے، نواز شریف کا سعودی عرب میں قیام 4 سے 5روز ہوگا، عمرہ ادائیگی کے بعد نواز شریف دبئی پہنچیں گے،دبئی میں 2روزہ قیام کے دوران نواز شریف کی متعدد ملاقاتیں طے ہیں ،21 اکتوبر کو دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔