ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کا عملہ سرکاری سکولوں اور کالجوں کے واٹر ٹینک کی صفائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک شہر کی حدود میں موجود 65واٹر ٹینک کی صفائی کی جا چکی ہے۔ یہ بات چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے کمشنر آفس میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبا ل سید نے کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ محمد اشفاق، چیف آفیسر ضلع کونسل نواز اور اسسٹنٹ کمشنرز میاں ندیم ارشد اور علیزہ ریحان نے بھی شرکت کی۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا تمام واٹر ٹینک کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو صاف پانی کی دستیابی ممکن ہو، انہوں نے ڈویژن کے تمام بلدیاتی اداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی حدود میں موجود سرکاری سکولوں اور کالجوں کے واٹر ٹینک کی صفائی یقینی بنائیں، چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے مزید بتایا کارپوریشن نے منظوری کے بغیر کمرشل مقاصد کےلئے استعمال 115عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے جن میں 61نجی سکول 46 بنک اور8چائے خانے شامل ہیں تاکہ ان عمارتوں کو کمرشل کرایا جائے، نوٹس کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھی کنورژن فیس جمع نہ کرانے پر اب تک5عمارتیں سیل کی جا چکی ہیں اور17کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ۔
انہوں نے مزید بتایا بس اڈوں کی فیس کی سیف کولیکشن بھی جاری ہے اور روزانہ بیرون لاری اڈے سے41ہزار روپے سے زائد اور اندرون لاری اڈے سے 13ہزار روپے سے زائد جمع کئے جا رہے ہیں، اجلاس میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ضلع کونسل کی طرف سے سرکٹ ہاوس، کامسیٹ، ڈی پی ایس راوی کیمپس، ساہیوال بورڈ اور دوسرے سرکاری دفاتر اور نجی ہاوسنگ سکیموں کےلئے جامع سیوریج سکیم پر بریفنگ بھی لی اور ہدایت کی ،انہوں نے شادمان ٹاون کےلئے بھی جامع سیوریج سکیم تیار کرنے کی ہدایت کی۔
شادمان ٹاون کےلئے جامع سیوریج سکیم تیار کی جائے: کمشنر ساہیوال

















