نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں، مریم

لاہور ،لندن،مظفر آباد(اپنے رپورٹر سے،مشرق نیوز،بیورورپورٹ)سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہا ہے نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں۔

ن لیگ آزاد جموں و کشمیر کا مشاورتی اجلاس ہوا، مریم نواز نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں قائد نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔

مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہاعوام کی امیدوں پر نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں، نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں، کشمیریوں و پاکستانیوں کے مجرم عوام کے قہر سے نہیں بچ سکتے، نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے آرہے ہیں، نواز شریف نے ہی ہمیشہ ریلیف دیا ۔

شرکا نے نواز شریف و سینئر نائب صدر مریم نواز کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے کہا نواز شریف کی آمد سے پاکستانیوں و کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا نوازشریف کے استقبال کیلئے آزاد کشمیر کے ہر شہر، گاوں، قصبے سے کارکن لاہور پہنچیں گے،مینار پاکستان جلسے میں آزاد کشمیر کے علاوہ پاکستان بھر میں مقیم کشمیری بھی شریک ہوں گے اور اپنے محبوب لیڈر کا خطاب سنیں گے۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، اپنے قائد کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔