اسلام آباد (بیورورپورٹ) ہائیکورٹ نے چیئرمین سینٹ کے بھائی رازق سنجرانی کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا،جسٹس بابر ستار نے تحریری حکمنامہ جاری کرکے رازق سنجرانی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کردی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ایم ڈی سیندک میٹیلز لمیٹڈ بلوچستان ہونے کی بنا پر 2019 سے 2046 تک 22 گریڈ کی رہائش الاٹ ہوئی، کیٹیگری ون رہائش گریڈ 21، 22 کے افسروں کیلئے مختص ہے لیکن سیکرٹری وزارت ہاوسنگ بتانے سے قاصر رہے رازق سنجرانی کیسے ٹائپ ون رہائش کے مستحق ہیں، سٹیٹ آفس حکام بتانے سے قاصر رہے 33، 34 عمر کا شخص گریڈ 22 کا افسر کیسے ہوسکتا ہے۔
یکم ستمبر کو عدالت نے رازق سنجرانی کو مقدمے میں فریق بنایا، نوٹس جاری کر کے 15 ستمبر تک جواب طلب کیا گیا لیکن جواب جمع نہ کرایا ،وکیل نے عدالت سے مزید وقت کی استدعا کی، عدالت نے رازق سنجرانی کو مہلت دیتے ہوئے 18 ستمبر تک جواب طلب کیا،رازق سنجرانی کو یکم ستمبر کے حکم نامے کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیا لیکن رازق سنجرانی نے 15 ستمبر کے حکم نامے کے بعد عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراضات اٹھا دیئے،15 ستمبر کو جاری توہین عدالت نوٹس کا جواب جمع ہی نہیں کرایا، دائرہ اختیار کا تعین کرنا عدالت کا کام ہے، کسی فریق کا نہیں۔
حکم نامے کے مطابق تاثر ہے رازق سنجرانی کو چیئرمین سینٹ کا بھائی ہونے کی بنا پر کیٹیگری ون رہائش الاٹ ہوتے فیور ملی، چیئرمین سینٹ ایوان بالا کی سربراہی کرتے ہیں اور صدر کی عدم موجودگی میں صدر کا کردار نبھاتے ہیں جبکہ چیئرمین سینٹ نے ذاتی مفادات کو فرائض کی انجام دہی پر اثر انداز نہ ہونے دینے کا حلف اٹھایا ہوتا ہے، سوچا بھی نہیں جا سکتا چیئرمین سینٹ طاقت کا استعمال کرتے ہوئے بھائی کو سہولت فراہم کریں گے،رازق سنجرانی یکم اور 15 ستمبر کے حکم ناموں کی تعمیل کریں ،جواب جمع کرائیں اور بتائیں ٹائپ ون رہائش کے کیسے اہل ہیں؟۔
چیئرمین سینٹ کے بھائی کو توہین عدالت کاشوکاز نوٹس

















