نواز شریف کی واپسی طلوع سحر،پاکستان کا بیٹا پھر بحرانوں سے نکالے گا،مریم

لاہور (اپنے رپورٹر سے)سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہاہے نواز شریف کی وطن واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کےلئے طلوع سحر ہے،پاکستان کابیٹا ملک وقوم کو پھر بحرانوں سے نکالے گا۔

سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور و تیاریوں کا جائزہ لیکر تاریخی استقبال کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا،شرکا نے 21 اکتوبر کو پارٹی قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔

رہنماوں نے کہاوطن واپسی پر قائد نوازشریف کا تاریخی استقبال کیا جائےگا، نوازشریف ایک بار پھر ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالیں گے،قوم کی ذمہ داری ہے چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں و توشہ چوروں کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہے، نوازشریف ہی پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ختم کر سکتے ہیں۔

شرکا نے کہا قوم کو معاشی دکھوں سے نجات صرف نوازشریف ہی دلا سکتے ہیں،پنجاب ،لاہور کے عوام اپنے محسن کا فقید المثال استقبال کرنے کے منتظر ہیں، ن لیگ،رہنماوں و کارکنوں کو خدمت کرنے کی سزا دی گئی،لیگی رہنماوں نے کہا نواز شریف کو سزا کا خمیازہ پاکستان، عوام بھگت رہے ہیں۔

مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہانواز شریف کی وطن واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کےلئے طلوع سحر ہے،پاکستان کا بیٹاپھر سے ملک وقوم کو مشکلات سے نکالنے کےلئے آ رہا ہے،نواز شریف اپنے ریلیف نہیں بلکہ قوم کو تکلیف سے نجات دلانے کےلئے وطن واپس آرہے ہیں، ملک کو انتقام نہیں بلکہ اتحاد، امن و معاشی ترقی کا ایجنڈا چاہیے، عوام نواز شریف کو دو تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے معاشی بدحالی ہمیشہ کےلئے ختم کر دیں گے۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا پورے ایمان کےساتھ یقین دلاتی ہوں پاکستان ،عوام کے اچھے دن آنےوالے ہیں،عوام انتخابات میں شیر پر مہر لگائیں۔