”کل کے اتحادی آج حریف“جے یوآئی،ایم کیو ایم کا سندھ میں پی پی کیخلاف ایکا

کراچی(بیورورپورٹ)”کل کے اتحادی آج حریف“جے یوآئی،ایم کیو ایم نے سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف ایکا کرلیا۔

جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو وفد کےساتھ ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد پہنچے،ملاقات میں دونوں جماعتوں نے سندھ میں پیپلز پارٹی کیخلاف ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا 15 سال سے سندھ کے انتظامی معاملات پر قابض سیاسی وڈیروںکو ختم کرنے کاوقت آگیا،طے کیا ہے بس بہت ہوگیااب سندھ کارڈ نہیں چلنے دیں گے۔

فاروق ستار نے کہا قوم پرستی کا لبادہ اوڑھ کر معصوم عوام کےساتھ ظلم کیا جا رہا ہے، جنرل سیکرٹری جے یوآئی سندھ راشد محمود سومرو نے کہا سندھ کے عوام کسی ایک قبیلے یا خاندان کےلئے جدوجہد نہیں کریں گے، تمام قومیتیں و لوگ یکساں ہیں، کراچی سے کشمور تک حقوق یکساں طور پر پامال کیے جا رہے ہیں، کراچی میں اسلحہ ہے تو کشمور میں بھی ڈاکووں کے پاس اینٹی ایئر کرافٹ گنیں ہیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا ایم کیو ایم، جی ڈی اے و جمعیت کو تقرریوں اور تبادلوں پر مکمل تحفظات ہیں،اعتراض نہ ہونے والے چہرے سامنے لائے جائیں،ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات میں اتفاق ہوا جے یو آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم بلا رنگ و نسل سب کے حقوق کےلئے مل کر کام کریں گے، الیکشن کمیشن تمام تحفظات دور کرے ورنہ تمام جماعتیں ملکر مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گی۔