لاہور (خبرنگار) بجلی چوروں کے خلاف ایکشن پلان اور کریک ڈاﺅن کے سلسلہ میں کمشنر لاہور علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ۔جس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر،سی ای او لیسکو شاہد حیدر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن عبدالسلام عارف،ایڈیشنل کمشنر اشتمالیات حامد ملہی،ایڈیشنل کمشنرریونیو عثمان غنی،چیف انجینئر لیسکواعجاز احمد شریک ہوئے جبکہ دیگراضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور اور ڈی پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اجلاس میں لیسکو کے نادہندگان سے ریکوری کے لئے ریونیو افسران کو تحصیلدار ریکوری کے اضافی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔لاہور سمیت پوری ڈویژن میں بجلی چوری کے خلاف سخت ترین آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر لاہور علی رندھاوا نے کہا کہ بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف استغاثوں پر ایف آئی آرز فوری طور پر درج ہوں گی ،لیسکو کی نادہندہ 22سب ڈویژنز اور 830 فیڈرز میں کسی کو رعایت نہیں ملے گی،نادہندہ و بجلی چوری والے علاقوں،دیہاتوں اور تحصیلوں میں مساجد سے ایکشن کے حوالے سے اعلانات کرائے جائیں،لیسکو کے استغاثے کے مطابق مکمل گرفتاریاں ہوںگی ،لیسکو کی طرف سے سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ بل نادہندگی اور بجلی چوری کے خلاف ایکشن کے پہلے مرحلے میں بڑے مگرمچھوں کو پکڑا جائےگا، بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں ملے گی،بجلی چوری میں ملوث واپڈا ملازم پر بھی ایف آئی آر درج ہوگی۔
لیسکو نادہندگان سے ریکوری، ریونیو افسروں کو تحصیلدار کے اضافی اختیارات دینے کا فیصلہ

















