اوپن و انٹربینک میں فارن کرنسی فرق ایک فیصد سے بھی نیچے

اسلام آباد(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری،اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں فارن کرنسی فرق ایک فیصد سے بھی نیچے آگیا۔


،عالمی مالیاتی فنڈ کی شرط پر فارن کرنسی کی قیمت میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں فرق 0.7 فیصد کے برابر ہے، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میںڈالر کی قدر میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی،حالیہ کچھ روز کے دوران یورو کی قیمت میں اپنی بلند ترین سطح سے 23 روپے کی کمی ہوئی ،پاونڈ 9 روپے کم ہو کر 388 روپے پر آ گیا ،پاونڈ کی قیمت میں بلند ترین سطح سے 30 روپے کی کمی ہوئی ۔

سعودی ریال 1.50 روپے کمی سے 81.80 روپے پر آ گیا، سعودی ریال 7.20 روپے نیچے آیا ،اماراتی درہم 86.80 روپے پر تبدیل ہوا اور حالیہ کچھ روز میں درہم اپنی بلندی سے 3.20 روپے نیچے آیا ،آئی ایم ایف نے دونوں بازاروں کے درمیان 1.25 فیصد فرق کی شرط رکھی ہے اور فارن کرنسی کی قیمت میں اوپن مارکیٹ اور انٹربینک کا فرق ایک فیصد سے نیچے آگیا۔

دوسری جانب ڈالر کی بلند پرواز کے بعد اوپن مارکیٹ میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، 4 روز میں ڈالر 331 روپے سے 308 روپے کی سطح پر آ گیا،کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی ڈالر کی قیمت کم ہوئی اور 4 روپے کم ہوکر 308 کی سطح پر آن پہنچا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 17 پیسے کی کمی کےساتھ 304 روپے 80 پیسے کا ہوگیا۔

ادھر ڈالرز کی اڑان روکنے کےلئے ایف آئی اے ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور کی بڑی کرنسی مارکیٹ چوک یادگار کو مکمل سیل کردیا،کارروائی حوالہ ہنڈی اور ڈالر سمگلنگ روکنے کےلئے کی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق 20 دنوں کے دوران 27 چھاپے مارے گئے ،حوالہ ہنڈی میں ملوث 28 افراد کو گرفتارکرکے10 کروڑ 27 لاکھ روپے برآمد کرلیے۔