نئی دہلی (مشرق نیوز) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا کے صدر راجر بنی نے پاکستان کی میزبانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔پاکستان آمد سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر بی سی سی آئی راجیو شکلا نے کہاکہ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے، ہم صرف کرکٹ کیلئے جا رہے ہیں، کوئی سیاست کی بات نہیں ہے۔راجیو شکلا نے کہاکہ ہمارا دورہ دو دن کا ہو گا، گورنر ہاوس میں ہمارے لیے ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، ہمارا دورہ صرف کرکٹ کے حوالے سے ہے، دورہ پاکستان کے حوالے سے ہماری حکومت جو فیصلہ کرے گی ہم ویسا ہی کریں گے۔ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے راجیو شکلا نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھا میچ ہوا، بارش نہ ہوتی تو میچ پورا ہوتا۔صدر بی سی سی آئی راجر بنی نے کہاکہ میں نے آخری بار 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ہم نے کولمبو میں میچز دیکھے اور اب پاکستان میں میچز دیکھیں گے، پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ شاندار رہی ہے، پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔راجر بنی نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز دنیا کے کسی بھی ٹورنامنٹ سے بڑے ہوتے ہیں، پاک بھارت میچز ایشیز سیریز سے بھی بڑے ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں صدر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہاکہ پاک بھارت سیاست پر بی سی سی آئی کچھ نہیں کہے گا ہمیں انتظار ہے دیکھیں کیا ہوتا ہے۔
بھارتی بورڈ کے صدر راجر بنی کی پاکستان کی میزبانی کی تعریف



















