بھاری بجلی بلوں پر ہنگامی اجلاس، عوام کو ریلیف کا فیصلہ نہ ہوسکا

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت بجلی نرخوں اور بجلی بلوں پر اجلاس ہوا، اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی کے بِلوں میں اضافے پر ہنگامی اجلاس کا پہلا دور ہوا، اجلاس میں وزیرِ اعظم کو جولائی کے بجلی کے بلوں میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیراعظم نے کہا آئندہ 48 گھنٹے میں بجلی کے زائد بلوں میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات مرتب کرکے پیش کئے جائیں، جلد بازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے، ایسے اقدامات اٹھائیں گے جس سے ملکی خزانے پر اضافی بوجھ نہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔

نگران وزیراعظم نے کہا ایسا ممکن نہیں کہ عام آدمی مشکل میں ہو اور افسر شاہی اور وزیرِ اعظم ان کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریں، متعلقہ وزارتیں اور متعلقہ ادارے مفت بجلی حاصل کرنے والے افسران اور اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کریں، میں عام آدمی کی نمائندگی کرتا ہوں، وزیراعظم ہاو¿س اور پاک سیکریٹریٹ میں بجلی کا خرچہ کم سے کم کیا جائے۔