لاہور (انٹرویو: نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن ہر صورت 28 ستمبر کو ہونگے، اس سلسلے میں ووٹر لسٹ فائنل کی جا چکی ہے، الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جاچکا ہے، صرف ان 16 سیٹوں پر الیکشن ہو رہا ہے جن کے 2 سال پورے ہو چکے ہیں۔ کاشف انور ستمبر2024 تک صدر، ظفر چوہدری سینئر نائب صدر اور عدنان بٹ نائب صدر دو سال کیلئے منتخب ہوئے تھے اسلئے وہ اپنی مقررہ مدت پورے کریں گے، عنقریب تمام مارکیٹوں میں انتخابی مہم کا آغاز کر دیا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور پیاف کے مرکزی رہنما محمد علی میاں نے روزنامہ ” مشرق“سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیاف فاونڈرز الائنس ہمیشہ کی طرح کلین سویپ کریگا اور باقی گروپوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم الیکشن مہم پورے جوش وخروش سے لاہور کے طول عرض میں کی جائےگی، سپریم کورٹ کے احکامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رولنگ کے مطابق اگر الیکشن کا پروسس شروع ہو جائے تو اسے قطعاً روکا نہیں جا سکتا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کا پروسس ایگزیکٹو کمیٹی کی منظوری سے آرٹیکل آف میمورنڈم اور DGTO کے آرڈر کے مطابق شروع ہو چکا ہے۔ سٹے آرڈر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور رحیم یار خان چیمبر نے الیکشن پر حکم امتناعی لیا ہے، اسکا لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست سامنے دیکھتے ہوئے مخالفت” نوزائیدہ گروپ“ نے ابھی سے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا ہے، صرف ان 16 سیٹوں پر الیکشن ہو رہا ہے جن کے 2 سال پورے ہو چکے ہیں ،صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر 2 سال کیلئے منتخب ہوئے تھے اس لئے وہ اپنے 2 سال پورے کریں گے۔
لاہور چیمبر کے الیکشن ہر صورت 28 ستمبر کو ہونگے، ووٹر لسٹ فائنل کی جا چکی:محمد علی میاں



















