بل دیکھ کر عوام کاپارہ ہائی،کہوٹہ سب ڈویژن آفس پر دھاوا ،آزاد کشمیر میں بائیکاٹ مہم

مظفر آباد،راولپنڈی،اسلام آباد(بیورورپورٹ)بجلی کے بھاری بل دیکھ کر عوام کاپارہ ہائی،شہری سڑکوں پر نکل آئے،کہوٹہ سب ڈویژن آفس پر دھاوا،آزاد کشمیر میں بائیکاٹ مہم،مساجد سے اعلانات،بلز جلاکر شدید نعرے بازی کی گئی۔

کوٹلی ،تتہ پانی،کھوئی رٹہ ، گوئی نکیال اور ناڑ میں بل کی بائیکاٹ مہم کےلئے کیمپس قائم کردئیے گئے، مساجد سے بل جمع نہ کرانے کے اعلانات بھی کیے گئے،ہجیرہ میں شہریوں نے بلز جلا دئیے۔

کھوئی رٹہ بار نے ظالمانہ ٹیکسز کےخلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا، کوٹلی میں وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کےخلاف شدید نعرے لگائے،حکومت نے بلز جمع کرانے کی تاریخ میں 28 اگست تک توسیع کر دی، ناظم برقیات نے کہا حکومت نے بجلی بلز پر لگائے گئے رواںماہ کے ٹیکس کو معطل کر کے ماہ جولائی میں ایڈجسٹ کر دیا ۔

ادھر بجلی بلوں میں خوفناک حد تک اضافے کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے،شہریوں کی بڑی تعداد نے کہوٹہ سب ڈویژن آفس پر دھاوا بول دیا،شہریوں نے زبردستی آئیسکو دفتر میں داخل ہونے اور گیٹ بند ہونے پر توڑنے کی کوشش کی،صارفین نے کہابجلی آتی نہیں مگر بل ہزاروں کے بھیجے جا رہے ہیں،ادا کرنے سے قاصر ہیں۔

دریں سرکاری ڈسکوز کےلئے بجلی فی یونٹ 2 روپے 7 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے،سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) جی اے نے نیپرا میں ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست جمع کرا دی، منظوری کی صورت میں صارفین پر 35 ارب کا اضافی بوجھ پڑےگا،نیپرا30 اگست کو سماعت کرے گا۔