الیکشن تاریخ دینا صدر کی آئینی ذمہ داری ہے‘ لاہورہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں الیکشن تاریخ دینا صدر کی آئینی ذمہ داری ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی ،درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا مگر الیکشن کی کوئی تاریخ نہیں دے رہا ،آئین 90 روز میں انتخابات کا کہتا ہے، استدعا ہے الیکشن کمیشن کو آئینی مدت میں الیکشن کرانے کا حکم دیاجائے۔

دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا صدر نے الیکشن کی تاریخ کیوں نہیں دی؟ اگر صدر 90دن میں الیکشن کی تاریخ دے دیتے تو صورتحال مختلف ہوتی، صدر کی آئینی ذمے داری ہے الیکشن کی تاریخ دیں،عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کیا کوئی ایسا نکتہ ہے الیکشن کمیشن کوئی تاریخ دے سکتا ہے؟۔

وکیل نے کہا آئینی طور پر صدر الیکشن کمیشن کو کوئی ہدایت نہیں کرسکتا،صرف تاریخ دے سکتا ہے، عدالت نے کہا مگرسوال ہے ہمارے پاس الیکشن کی تاریخ ہی نہیں، آپ کا سوال ہونا چاہیے آئین 90دن میں الیکشن کا کہتا ہے تو تاریخ دی جانی چاہیے، ہائیکورٹ نے درخواست میں ترمیم کرنے کی ہدایت کردی۔