لاہور(اپنے نمائندے سے) شہریوں نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے انتظامیہ کا ٹرینوں کے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کرکے عوام سے سستی سفری سہولت چھیننا ظالمانہ اقدام ہے۔ ریلویز ذمہ داران مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال کر محکمہ کو مزید مالی بدحالی میں مبتلا کرکے اس کو دیوالیہ کرنے کا منصوبہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے ذاتی عیاشیوں کا بوجھ کم کرنا چاہیے تھا۔ حکمران مالی حالات کو بہتر کرنے کی تمام تر ذمہ داری عوام پر ڈال کر صبر کرنے کی تلقین کی بجائے خود کے معاملات پر نظر ثانی کرنا شروع کرے تو ملک اور قوم خوشحال ہو گی ۔شہری ارمغان نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث اضافی بوجھ مسافروں پر ڈال رہی ہے جس سے عوام سے سستی سفری سہولت چھین لی گئی ہے۔ اس اقدام سے شہری دیگر سفری سہولیات کو استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گئے پہلے بھی انتظامیہ کی جانب سے مسافر ٹرینوں میں سہولیات کی فراہمی اور دیگر بنیادی مسائل کو حل نہ کرنے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے کرایوں میں 10فیصد اضافہ کے بعد مزید کمی دیکھنے میں آئےگی، اس فیصلہ پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ مرزا حسیب ،رانا غفار ،حاجی اقبال ،ارسلان احمد ،ڈاکٹر حلیم نے کہا حکمران عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے زندہ دفن کرنے کی مکمل منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے یومیہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات اور اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے خراب ملکی معاشی حالات میں بہتری لانے کی خاطر عوامی مالی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے دنیا بھر میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خاطر مثبت اقدامات کئے جاتے ہیں اور عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے بین القوامی طور پر ریلویز کے کرایوں میں عوام کو ریلیف دیا جارہا ہے، پاکستان میں عوام سے سستی سفری سہولت کو چھیننے کی خاطر ظالمانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریلوے انتظامیہ ڈیزل کی قیمتوں کے بعد اضافی مالی بوجھ سے نمٹنے کا واحد حل کرایوں میں اضافہ کرکے کیا جارہا ہے جبکہ انکو ذاتی شاہ خرچیوں کے خاتمہ سے حل نکالنا دکھائی نہیں دے رہا۔غیر ضروری اخرجات کو ختم کرنے کی بجائے مسافروں پر اضافی بوجھ ڈالنا ہی واحد حل سمجھا گیا ہے۔ ہم اس ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اس فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ریلوے کو دیوالیہ کیا جا رہا ہے۔ مسافروں کا اعتماد مکمل طور پر ریلوے سے ختم کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے ریلوے کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کو اس میں مکمل ناکامی ہو گی ۔
ریلوے کرایوں میں اضافہ ناقابل قبول، افسران عیاشیاں ختم کریں ،شہریوں کی دردمندانہ دہائی

















