چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی تردید کردی۔

ترجمان نے کہاعمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا،الیکشن کمیشن چلنے والی تمام خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہے،موضوع پر کوئی اجلاس ہوا نہ ہی معاملہ زیر غور آیا، قانونی مشاورت کے بعد باقاعدہ فیصلہ کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا،ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن و لیگل ٹیم نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کے اعداد وشمار کی سرکاری اشاعت و الیکشن کمیشن کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرنے کےلئے لیگل ٹیم کو ہدایت کی الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کی روشنی میں ضروری رہنمائی مہیا کرے۔

الیکشن کمیشن کی میٹنگ منگل ساڑھے 11بجے دوبارہ ہوگی، الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی کو 10دن کی مہلت دیتے ہوئے حکم دیا وہ دیگر سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ پرسکروٹنی رپورٹ ہر صورت الیکشن کے روبرو پیش کرے،آخری مہلت دے رہے ہیں۔