قصور، اسلام آباد (مہر حسن حسین+ بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اور کچھ لوگوں نے ملکر دہشتگردوں کو سوات میں بسایا، 9 اگست کو اسمبلی تحلیل کردونگا، پھر نگراں حکومت آئےگی اور انتخابا ت ہوں گے، آئندہ کون سی حکومت آئےگی، فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے، مہنگائی میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا مہنگائی ہونے کا ذمہ دار بنوں، آئندہ وزیراعظم نوازشریف ہوں گے ،جلد واپس آئیں گے اور پاکستان کی تقدیر بدل دینگے۔
نوازشریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو پاکستان کی حالت بدلنے میں ساتھیوں کےساتھ ملکر جان لڑا دونگا۔ جسٹس ثاقب نثار و سازشی ٹولے نے نوازشریف کو پانامہ کی بجائے اقامہ میں سزا دلوائی، اس وقت اُچھل اُچھل کر کہتے تھے نوازشریف نااہل ہوگیا، مٹھائیاں بانٹو، کہتا تھا یہ چور اور ڈاکو ہیں، چھوڑوں گا نہیں،ان خیا لا ت کا اظہار انہوں نے قصور میں لاہور، قصور،ساہیوال،بہا ولنگرمو ٹر وے، لا ہور عبد الحکیم مو ٹر وے پر بچیکی ،ننکا نہ صا حب روڈ پر را ئے منصب علی خا ن انٹر چینج اورتا رے گڑھ انٹر چینج کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعدعوامی اجتما ع سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا عوام کا سمندر کو دیکھ کر میری 16 ماہ کی تھکاوٹ اُتر گئی، بدقسمتی سے ٹرین حادثے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، مغفرت کیلئے دعا گو ہوں۔ شہبازشریف نے کہا آپ کو اپنے قائد نوازشریف کا سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، عوامی سمندر گواہی دے رہا ہے، اگلا وزیراعظم نوازشریف ہوگا، میں نے تقریباً 263 ارب کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، 260 کلومیٹر کی موٹروے بنے گی تو علاقے میں خوشحالی آئےگی، نوازشریف موٹر وے کے معمار ہیں، انہوں نے ملک بھر میں موٹر ویز کا جال بچھایا۔
وزیراعظم نے کہا 2008 میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، 2013 سے 2018 کے درمیان بجلی کے اندھیرے ختم کئے، نوازشریف چین سے سی پیک لیکر آئے، سی پیک کے ذریعے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپس ملے، مجھ پر الزام لگتا تھا لیپ ٹاپس کے ذریعے نوجوانوں کو رشوت دے رہے ہیں، لیپ ٹاپس نہ دوں تو کیا کلاشنکوف دیدوں۔
شہبازشریف نے کہا زیرتعمیر داسو، دیامر بھاشا ڈیم کے معمار بھی نوازشریف ہیں، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، 5 دھماکوں کے مقابلے میں 6 دھماکے کرکے بھارت کے دانت کھٹے کئے، 5 ٹیلی فون کالز آئیں اور کہا گیا ایٹمی دھماکے نہ کریں 5 ارب ڈالر لے لیں، اسوقت کے 5 ارب ڈالر اسوقت کے 15 ارب ڈالر بن جائیں گے۔ نوازشریف نے کہا مجھے ملکی بقا عزیز ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان میں بڑھتی دہشت گردی کا خاتمہ کیا، بہادر افواج اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خون کے نذرانے دئیے، نوازشریف نے فوج کےساتھ ملکر ضرب عضب آپریشن شروع کیا، کوئی شک نہیں افغانستان برادر ملک ہے، آپ سب جانتے ہیں ماضی میں دہشت گردی کہاں سے ہورہی تھی، جھرلو الیکشن کے نتیجے میں مسلط حکومت لاکر بٹھائی گئی، پی ٹی آئی حکومت اور کچھ لوگوں نے ملکر دہشت گردوں کو سوات میں بسایا، ہمسایہ ممالک سے تعلقات کو تباہ کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہا نوازشریف نے ترکی، ایران برادر ممالک کےساتھ بھائیوں والے تعلقات بنائے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں چین پر الزامات لگائے گئے، نوازشریف نے 22 کروڑ عوام کو اپنا کنبہ جان کر خدمت کی۔ جسٹس ثاقب نثار و سازشی ٹولے نے نوازشریف کو پانامہ کی بجائے اقامہ میں سزا دلوائی، نوازشریف نے کبھی سر پر ٹوپ نہیں پہنا، بیماری کا بہانہ نہیں بنایا، خانہ کعبہ کی گھڑی کا ماڈل نوازشریف نے تو نہیں چوری کیا، نوازشریف کو جھوٹے الزامات پر سزا دلوائی گئی۔
وزیراعظم نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں گندم سکینڈل ہوا، پہلے گندم باہر بھجوا دی گئی پھر واپس لے آئے، پاکستان کے اربوں ڈالر تباہ کردئیے، چند لوگوں نے جیبیں بھر لیں، 16 ماہ میں بہت چیلنجز دیکھے، ذمہ داری ملی تو علم تھا حالات خراب ہیں لیکن معلوم نہیں تھا حالات اتنے خراب ہیں، 16 ماہ میں جو کچھ کیا وہ آپ کے سامنے ہے، 100 ارب سیلاب متاثرین میں تقسیم کئے۔
شہبازشریف نے کہا اگر کوئی ملک ڈیفالٹ کرجائے تو پھر بازار میں دوائیاں نہیں ملتیں، ڈیفالٹ کے ڈر سے مجھے ساری رات نیند نہیں آتی تھی، ملک ڈیفالٹ کرجاتا تو طعنے ملتے اورقبر پر لکھا جاتا شہبازشریف کے دور میں ڈیفالٹ ہوئے، شکر ہے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا، مشکلات بڑی تھیں اور ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط بہت کڑی تھیں، اجتماعی کاوشوں سے آئی ایم ایف پروگرام ملا۔
وزیراعظم نے کہا سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر ملے، یو اے ای نے ایک ارب ڈالر دیا، ابوظہبی، چین نے 5 ارب ڈالر قرضے رول اوور کئے، مجھے اربوں ڈالر کی گندم باہر سے منگوانی پڑی، لوگوں کو کھاد مہیا کی، آئندہ کون سی حکومت آئےگی ،عوام کے ہاتھ میں ہے، اللہ نے پاکستان کو اربوں، کھربوں ڈالر کے معدنیات دئیے، زراعت میں دن رات کام کرکے انقلاب لائیں گے۔
شہبازشریف نے مزید کہا مہنگائی میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا مہنگائی ہونے کا ذمہ دار بنوں جو شہباز شریف مریضوں کیلئے دوائی لائے گا کیا وہ مہنگائی لائےگا؟ ۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پی کے ایل آئی نے 2015 میں اپنے سفرکا آغاز کیا تھا، 2018 میں تکمیل ہوئی، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے پی کے ایل آئی کیلئے شبانہ روز محنت سے کام کیا، انہی کی سربراہی میں پاکستان میں لیور ٹرانسپلانٹ کا آغاز ہوا، مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی امیدکی کرن ہے، امیر و غریب کی تفریق کے بغیرعلاج کیا جاتا ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا پی کے ایل آئی کو جدید خطوط پر عالمی معیارکے مطابق بنایا گیا، ڈاکٹرز و عملہ بہترین خدمات انجام دے رہا ہے، ٹرسٹ فنڈ میں15ارب اکٹھے ہوگئے، مخیرحضرات بھی ادارے کو فنڈز، ادویات فراہم کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا یونیورسٹی کا قیام بڑا منصوبہ ہے، مقصد مریضوں کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے آگاہی مہم بہت ضروری ہے، روک تھام کیلئے وفاق صوبوں کو فنڈز بھی فراہم کرےگا۔
علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا عوامی مقامات اور خاص طور پر ہسپتالوں کو خوبصورت و دوستانہ نظر آنا چاہئے، وزیراعظم نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی)کے داخلی راستے کی لینڈ سکیپ پرکہا پی کے ایل آئی کا داخلی راستہ دلکش مناظر پیش کرتا ہے۔
شہبازشریف نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ڈی جی (ایل ڈی اے) کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس، پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے داخلی راستے کی خوبصورت تصاویر کو بھی ٹوئٹ میں ٹیگ کیا۔
آئی جی پنجاب کا ڈیپوٹیشن پر گئے افسران کی واپسی کا حکم
محکمہ ماہی پروری، جھینگا فارمنگ کا فروغ پر حکومتی دعوﺅں کے باوجود عملی نتائج پر سوالیہ نشان
پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات میں پیشرفت،جماعت اسلامی نے احتجاج کا نیا محاذ کھول دیا
نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں کھل کر بحث کریں :سپیکر پنجاب اسمبلی
ملک کی معاشی ترقی ، خوشحالی میں پیشہ ور ماہرین کا کردار انتہائی اہم ہے: چیئرمین سینٹ
دل کے مریضوں کیلئے طویل نیند خطرے کی علامت
محسن نقوی کی چودھری شجاعت سے ملاقات، انتظامی یونٹس بارے تبادلہ خیال
لکی مروت ، پولیس وین میں دھماکہ، دو اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی
ہرشیت رانا کی اکڑ ختم، پاکستانی کھلاڑیوں نے بولتی بند کردی
اداکار سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی مانگ لی

















