لاہور(خبر نگار)غیر معیاری پلانٹس، مستقل نادہندگان، کیپسٹی پیمنٹ اور بجلی چوری قیمتیں بڑھنے اور بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات ہیں، مالی سال 2022-23کی آڈٹ رپورٹ نے پاور سیکٹر کا کچا چٹھاکھول کر رکھ دیا ،پاور سیکٹر میں ایک ہزار ارب کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو 2ہزار 302ارب سے زائد کے بلز بھیجے، ایک ہزار 849ارب کی ریکوری کی گئی،453 ارب ریکور ہی نہیں کیے جس کی وجہ سے شارٹ فال کا سامنا رہا،آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا تقسیم کار کمپنیوں میں چوری یا عدم ریکوری کی شرح 60فیصد رہی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے 136ارب نقصانات کئے، تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 91ارب سے بڑھ کر 136ارب تک جاپہنچے۔
سال 2022-23کی آڈٹ رپورٹ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا،نادہندگان نے پاور سیکٹر کا مالی توازن بگاڑا اور بوجھ بڑھایا، آڈٹ حکام نے نیپرا کنٹرول پر بھی سوالات اٹھا دیئے،رپورٹ میں کہا گیا غیر معیاری پاور پلانٹ چلانے سے صارفین کو 41ارب کا اضافی بل دینا پڑا، مہنگے درآمدی فیول کی وجہ سے خزانے پر 126ارب کا بوجھ پڑا۔
”غیر معیاری پلانٹس ،بجلی چوری قیمتیں بڑھنے کاسبب“



















