بلدیہ عظمیٰ، خزانے سے چوری پر اینٹی کرپشن کا تنازعات سے بھرپور مقدمہ

لاہور ( نوید چودھری) بلدیہ عظمیٰ لاہور کے خزانے سے ایک ارب 10کروڑ روپے کی چوری پر اینٹی کرپشن کی جانب سے تنازعات سے بھرپور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مبینہ طور پر مقدمہ کے اندراج کے دوران کئی پہلوﺅں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے جس سے مرکزی ملزمان بچ نکلے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ عارضی مویشی منڈیوں کی بھاری بوگس ادائیگیوں کے وقت بلدیہ عظمیٰ میں تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرنےوالا پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ کا لوکل فنڈ آڈٹ کہاں تھا جس کا کام ہی پری آڈٹ ہے، کوئی بھی ادائیگی ان کی اجازت کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اتنی بڑی چوری کے اصل سہولت کار آڈٹ اینڈ اکاﺅنٹ سیکشن کے ذمہ داران اور کچھ آڈیٹر صاحبان ہیں جنہوں نے پری آڈٹ کا ڈرامہ رچاکر پورے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو گمراہ کیا ہوا ہے، حالانکہ شعبہ فنانس سے بجٹ لگنے کے بعد بل پری آڈٹ کےلئے ان کے پاس آتا ہے اور یہ لوگ ہر بل کو حتی کہ تنخواہوں اور پنشن کو بھی تمام پہلوﺅں سے جانچ پڑتال کرنے کے بعد جاری کرتے ہیں۔ تمام بل قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ہی جاری کیا جاتا ہے جبکہ اب تک کی معلومات کے مطابق درج کردہ مقدمہ میں آڈٹ اینڈ اکاﺅنٹس کے کسی ذمہ دار کو نامزد نہیں کیا گیا۔ روزنامہ ”مشرق“ اس حوالے مزید تحقیقاتی رپورٹس منظر عام پر لائےگا۔دوسری طرف پروونشل ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈٹ زبیر فاروق نے کہا ہے میں اس معاملے کو چیک کرتا ہوں۔ اگر اس میں ہمارے افسروں کی ذرا سی بھی انوالومنٹ ہوئی تو ان کیخلاف بھی محکمانہ کاروائی شروع کی جائےگی۔