خطے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹناپائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے:پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) ملک کے سلگتے ہوئے مسائل پر تحقیق کیلئے پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن نے انجینئس پی ایچ ڈی سکیم شروع کرنے کااعلان کردیا جس کا مقصد مقامی مسائل پر تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، پی ایچ ای سی مالی معاونت کرےگی۔مقامی صنعتوں سے بھی تعاون لیا جائےگا۔ سکیم کے تحت ملکی مسائل کی نشاندہی کرکے ایسے موضوعات کا انتخاب کیا جائےگا جس کے براہ راست فوائد ملک کو حاصل ہو نگے۔خطے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹناپائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ اس امر کاا انکشاف پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی فیکلٹی آف انجینئرنگ کے زیراہتمام اوپن ہاو¿س ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے مینوفیکچرنگ پر مبنی معیشت اور اعلیٰ فکری سرمایہ کی تعمیر پر زور دیا اور کہا کہ ایک مضبوط مینوفیکچرنگ پر مبنی سیکٹر کی تعمیر پر توجہ دےکر ملکی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔جدت اور تکنیک کو آگے بڑھانے کیلئے اعلیٰ فکری سرمائے کی پرورش میں یونیورسٹیوں کا کردار اب بڑھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز کسی قوم کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ، ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم تحقیق اور ترقی کو ترجیح دیں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جو طلبا اور فیکلٹی ممبران میں جدت اور تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرسکے۔انہوں نے انٹرپرینیورشپ کو سپورٹ اور فروغ دینے کیلئے یونیورسٹیوں میں بزنس انکیوبیٹر سینٹرز کے قیام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ مراکز ابھرتے ہوئے کاروباری افراد کیلئے رہنمائی، وسائل اور رہنمائی حاصل کرنے کیلئے مرکز کے طور پر کام کریں گے ۔تقریب کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں پراجیکٹ جیتنے والوں کو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔تقریب میں ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویرقاسم، پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر ہادیہ اعوان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر رضوان شاد سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔