محرم الحرام کے روٹس کو ترجیحی بنیادوں پر بارش کے پانی سے کلیئر کیا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صبح سویرے شہر کا دوبارہ تفصیلی دورہ، نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیا، محرم الحرام کے روٹس کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کیا جائے، کمشنر ساہیوال۔ پسپ پروگرام کے تحت سیوریج لائن بچھانے کےلئے کھودی گئی جگہوں سے بارش کے پانی کو نکالنے کی بھی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شدید بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ لینے کےلئے علی الصبح شہر کا دوبارہ دورہ کیا اور کارپوریشن کے عملے کی طرف سے نکاسی آب کے جاری کام کو چیک کیا۔ انہوں نے قصر بتول، پاک پتن چوک، بیرون لاری اڈہ، دیپالپور بازار،پاک پتن بازار، لیاقت چوک، ہائی سٹریٹ، گرلز کالج روڈ اور دوسرے علاقے دیکھے۔ انہوں نے 9اور10محرم الحرام کے ذوالجناح کے روٹس والے راستوں کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام وسائل روٹس کو کلیئر کرنے پر لگائے جائیں تاکہ عزاداروں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام تیز کرنے اور مزید وسائل لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کارپوریشن کے افسران اور سینٹری ورکرز کے کام کو سراہا اور کہا کہ ساری رات نکاسی آب میں مصروف عملے کی خدمت کو سراہا جانا چاہیے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کے تمام علاقوں سے بارش کے پانی کی مکمل نکاسی تک عملے کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی۔