مشرق کی خبر درست ثابت، سیکرٹری متروکہ وقف املاک مستعفی، 24 مئی کو باقاعدہ ریفرنس نمبر کے ساتھ ارسال

لاہور (علی جنید) روزنامہ ”مشرق“ میں 26 مئی کی اشاعت میں وفاقی وزارت مذہبی و اقلیتی امور کی جانب سے سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر اکرم کے استعفیٰ کی خبر درست ثابت ہوئی جس کے مطابق ناصر اکرم نے 24 مئی کو تحریری طور پر اپنا استعفیٰ باقاعدہ ریفرنس نمبر کے ساتھ وزارت کو ارسال کیا تھا۔ اس سلسلے میں موجودہ قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمان نے ”مشرق“ سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم کی جانب سے 24 مئی کی تاریخ کے ساتھ استعفیٰ موصول ہوا تھا جس میں درج تھا کہ وہ 30 جون تک اس سیٹ پر کام کریں گے۔ انکا استعفیٰ وفاقی وزارت نے منظور کرلیا ہے اور انکو فارغ کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم سے وزارت مذہبی و اقلیتی امور نے استعفیٰ اسلئے طلب کیا تھا کہ انہوں نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے قومی اسمبلی کے ایک کمیشن میں پیشی کے وقت ایسے بیان دئیے تھے جو متروکہ وقف املاک کی پالیسی سے متصادم تھے۔ سیکرٹری بورڈ ناصر اکرم نے روزنامہ ”مشرق“ میں اپنے استعفیٰ کی خبر شائع ہونے کے بعد متروکہ وقف املاک سمیت وفاقی وزارت کے مختلف شعبوں سے استدعا کی تھی کہ استعفیٰ عارضی طور پر منظرعام پر نہ لایا جائے اور اسکے ساتھ ساتھ نشر و اشاعت متروکہ وقف املاک بورڈ پر خبر اشاعت روکنے کیلئے کوشش کی جبکہ ”مشرق“ نے ناصر اکرم کے استعفیٰ کی کاپی بمعہ ریفرنس نمبر 3649 حاصل کرلیا ہے۔ ”مشرق“ کے اس عمل پر وفاقی وزارت مذہبی و اقلیتی امور، متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران و ملازمین کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی خبر کی صداقت اور پہلے خبر دینے کا اعزاز ”مشرق“ نے برقرار رکھا ہے۔