ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور پاکپتن کو دریائے ستلج میں سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ پینے کے صاف پانی اور جانوروں کے چارے کا فوری بندوبست کیا جائے اور دریا کے قریب آبادیوں کے باسیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، کمشنر کی دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت۔وہ یہاں اپنے دفتر میں دریائے راوی اور ستلج میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈنیشین شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ دریائے راوی میں پانی کا بہا نارمل ہے اور فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں تاہم دریائے ستلج میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور پاک پتن تمام انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی مساجد میں اعلانات کروائے جائیں اور دریا کے بیڈ میں مقیم افراد کو وہاں سے محفوظ مقامات پر فوری منتقل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سانپ کے کاٹنے سمیت دیگر ویکسین کی وافر مقدار دستیابی یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ12 ضلع پاک پتن اور 12 ضلع اوکاڑہ میں ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ ڈی سی اوکاڑہ نے بتایا کہ اوکاڑہ میں ریسکیوکے پاس10اور8بوٹس فوج کے پاس بھی موجود ہیں جو کسی ایمرجنسی کی صورت میں استعمال میں لائی جائیں گی۔
دریائے ستلج کنارے آباد باسیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے :کمشنر ساہیوال

















