عید کے تینوں روز شہر کی صفائی سب سے بڑا چیلنج ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری اٹھانے کے لئے میونسپل کارپوریشن جامع پلان تیار کرے اور سٹاف کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے تینوں روز شہر کی صفائی سب سے بڑا چیلنج ہے جسے سرانجام دینے میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں عیدالاضحی کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنرز اوکاڑہ ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیازاحمد خان کھچی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آپریٹنگ آفیسر کیٹل مارکیٹ محمد رفیق، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد اشفاق احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری، اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ ہر منڈی میں لائیوسٹاک، میڈیکل، میونسپل کمیٹی، پولیس اور ریسکیو کے کاونٹرز قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کیٹل مارکیٹ کمپنی حکام کو ہدایت کی کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے رابطہ میں رہیں اورجانوروں کی خریداری کےلئے آنےوالے شہریوں کےلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے میونسپل اداروں پر زور دیا کہ عوام کو عید پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عید سے پہلے تمام سڑکوں، مساجد، عیدگاہوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں احسن طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے عوام کو شاپر بیگ بھی فراہم کیے جائیں اور دیے گئے شاپر بیگز جمع بھی کریں۔ انہوں نے آلائشوں کو کھلی جگہ پھینکے سے روکنے کےلئے عوامی آگہی کے سلسلہ میں فلیکسز آویزاں کرنے اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کھاد اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنے والے کسان دشمن عناصر کے خلاف مقدمات درج کروا کر انہیں سخت سزائیں دلوائی جائیں جس کےلئے محکمہ پراسیکیوشن اور پولیس کا تعاون حاصل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کپاس کی فصل پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور فصلوں کو نقصان دہ کیڑوں سے بچانے کے لئے کسانوں کی مدد کریں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کھاد اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف جاری مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈپٹی کمشنرزڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ،محکمہ زراعت، پراسیکیوشن اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ کسانوں کو کھاد اور زرعی ادویات کی ملاوٹ سے پاک فراہمی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کی محنت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے سب سے اہم ہے جس کے لئے انتظامیہ اپنے بھرپور اختیارات استعمال کرے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ ساہیوال میں کپاس کی فصل بہت اچھی ہے اور فصل کو بیماریوں سے بچانے کے لئے محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں کھاد اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کاجائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کا دورہ، گھوڑا چوک، آذان ہائٹس، جناح لائبریری چوک کادورہ، تعمیر کی گئی سڑک کو چیک کیا اور سڑک کے دونوں اطراف گرین بیلٹس کو بہتر بنانے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گھوڑا چوک، آذان ہائٹس اور جناح لائبریری چوک کا دورہ کیا اور پسپ پروگرام کے تحت تعمیر کی گئی سڑک پر کام کی کوالٹی کو چیک کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں بننے والی تمام سڑکوں کے ساتھ گرین بیلٹس کو مزید بہتر کرنے اور مختلف اقسام کے پودے لگانے کی ہدایت کی تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے باہر والا اڈہ پر صفائی کے ناقص انتظامات اور تجاوزات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سی او میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ تمام تجاوزات کو فوری ختم کروایا جائے۔ انہوں نے ویو ہوٹل سے شہر کے داخلی راستے پر شجرکاری کے کام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ خوبصورتی میں اضافے کے لئے فٹ پاتھ اور جھال روڈ اوور ہیڈ برج کے سیف گارڈز کے رنگ روغن کیا جائے۔ انہوں نے جھال روڈ پر جاری کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اوور ہیڈ برج کے اطراف کوڑے کو فوری اٹھایا جائے۔