ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا عارفوالا شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر ناپسندیدگی کا اظہار، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو اپنے دفتر طلب کر کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی ہدایت، شہر کی مکمل صفائی کا جامع پلان بناکر اس پر عملدرآمد کیا جائے، لیڈیز پارک اور قبرستان کے درمیان سڑک کے سیوریج کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے، کمشنر ساہیوال۔ قبل ازیں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکپتن، عارفوالا، رینالہ خورد اور دیپالپور کےلئے لینڈ فل سائٹ کی جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی تاکہ روزانہ کا کوڑا کرکٹ ڈالنے کا مستقل حل نکل سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان،اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، میونسپل آفیسر غلام عباس سمیت پسپ پروگرام کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پسپ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کا کام شروع کرنے سے پہلے گرین بیلٹ میں لگے تمام پودے شفٹ کئے جائیں اور آذان ہائٹس کے سامنے بھی گرین بیلٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے محکمہ ہائی وے کوہدایت کی کہ مکمل کئے گئے ترقیاتی کام کی تمام جزیات کو بھی پورا کیا جائے جس میں لین مارکنگ اور سٹرک کے کناروں کی بہتری شامل ہے تاکہ عوام کو سفر کے دوران مشکل پیش نہ آئے۔
شہر کی مکمل صفائی کا جامع پلان بناکر اس پر عملدرآمد کیا جائے: کمشنر ساہیوال

















