تاجر برادری کا پنجاب کے ٹیکس فری بجٹ کا خیرمقدم ، صوبے کی ترقی کیلئے بہترین قرار دیدیا

لاہور ( رپورٹ: نعیم جاوید ) تاجر برادری نے پنجاب کی نگران حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صوبے کی ترقی کیلئے بہترین قرار دیا ہے۔ روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے برانڈرتھ روڈ کے صدر آغا ذوالفقار، سینئر تاجر رہنما ممتاز حسین بخاری،سٹی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیاض، خدمت گروپ کے لالہ سیف تمیمی، قومی تاجر اتحاد کے چوہدری اسلام کھوکھر، مین مارکیٹ کے صدر یونس بیگ اور شاہدرہ کے تاجر رہنما میاں خلیل عبیر نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی طرف سے4ماہ کیلئے ٹیکس فری بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ٹیکس فری بجٹ سے صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ آئی ٹی انڈسٹری پر تمام صوبائی ٹیکسز کے خاتمہ سے آئی انڈسٹری ترقی کرے گی ۔انہوںنے بجٹ میںپنجاب حکومت کے ذمہ واجب الادا 600ارب روپے کا قرض اتارنے کیلئے حکمت عملی اور جاری2500 ترقیاتی منصوبوں کوچار ماہ میں مکمل کرنے سے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید گنج کے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح میں 3فیصد اضافہ کی تجویز کو مستر د کرکے ہوئی سٹیمپ ڈیوٹی 1فیصد کی سطح پر برقررار رکھنے کے فیصلے کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ، ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافہ سے ملازمین کو مہنگائی سے ریلیف ملے گا ۔انہوںنے کہا کہ تعلیم اور صحت کے لیے بجٹ میں31فیصد اضافہ سے پنجاب کے عوام کو تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ بزنس سے سیلز ٹیکس کے خاتمہ سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا۔مجموعی طور پر پنجاب میں متوازن بجٹ پیش کیا گیا جس کا صنعتکار و تاجر طبقہ خیر مقدم کرتا ہے۔