الیکشن کمیشن آگے بڑھے اور اختیار سے تجاوز پر نگراں کابینہ کو لگام ڈالے، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ( کورٹ رپورٹر) الیکشن کمیشن آگے بڑھے اور اختیار سے تجاوز پر نگراں کابینہ کو لگام ڈالے، لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے نئے ڈویژن، اضلاع اور 7تحصیلوں کو ختم کرنے کے نگراں حکومت کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 7 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا نگراں حکومت صرف روز مرہ کے معاملات چلا سکتی ہے، آئین و قانون نگراں حکومت کو منتخب حکومت کے طور پر معاملات چلانے کی اجازت نہیں دیتا۔

فیصلے کے مطابق نگراں حکومت صاف شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت و مدد کرتی ہے، نگراں حکومت کے اقدامات سے کسی فرد یا سیاسی جماعت سے تعصب ظاہر نہ ہو، نگراں حکومت مختصر مدت کیلئے انتخابات کرانے کیلئے بنائی جاتی ہے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیاعدالت میں بڑی تعداد میں کیسز کا آنا نگراں حکومت کے اختیارات کے غلط استعمال کو ظاہر کرتا ہے، الیکشن کمیشن آگے بڑھے اور اختیار سے تجاوز پر نگراں کابینہ کو لگام ڈالے، الیکشن کمیشن نگراں حکومت کی کارکردگی و اقدامات پر نظر رکھتا ہے، شفاف انتخابات کیلئے تمام ریاستی ادارے و نگراں حکومت الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔