یونان کشتی سانحہ پر ملک بھر میں سوگ،قومی پرچم سرنگوں ،حکومت کامتاثرہ خاندانوں کی معا ونت کااعلان

اسلام آباد،گجرات،لاہور(بیورورپورٹ،سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر)یونان کشتی سانحہ پر ملک بھر میں سوگ،قومی پرچم سرنگوں رہا،حکومت کامتاثرہ خاندانوں کی معا ونت کااعلان،78میتیوں کی شناخت کےلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ ،کوآرڈینشن سیل قائم،حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کا اہم سرغنہ گرفتار،تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کردیا جبکہ وفاقی وزراءنے کہاہےمکروہ دھندہ کرنےوالوں کو عبرتناک سزا کیلئے خصوصی قانون سازی کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر یونان کشتی سانحہ پر ملک بھر میں سوگ منا یا گیا،قومی پرچم سرنگوں رہا،جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی،حکومت نے 78میتوں کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کافیصلہ کرتے ہوئے کوآرڈینشن سیل قائم کردیا،سیل میں وزارت داخلہ،خارجہ، صحت،اوررسیز پاکستانی اورایف آئی اے کے نمائندے شامل ہوں گے۔

سیل بدقسمت کشتی کے مسافروں کے رشتے داروں کے ڈی این اے سیمپل اکٹھے کرے گا، اسلام آباد ،آزادکشمیر سمیت جہاں ضروری ہوا کیمپ آفس قائم کیے جائیں گے،ڈی این اے کے نمونہ جات کےلئے جگہوں کا تعین کرکے لواحقین کو اطلاع دی جائے گی۔

ادھر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث اہم سرغنہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا،گرفتار انسانی سمگلر وقاص کا تعلق وزیرآباد سے ہے، وقاص نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو یورپ بھجوانے کےلئے پیسے وصول کئے۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے کراچی ائیرپورٹ سے آف لوڈ ہونے والے ملزم کےخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا،ملزم ساجد محمود نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کےلئے پیسے بٹورے

جبکہ یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا،تحقیقاتی کمیٹی نے ایف آئی اے سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا،خصوصی کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے حکومت کشتی سانحہ کا شکار افراد کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی، حادثے میں اموات بڑا سانحہ ہے، ملک بھر کے عوام اپنے بھائیوں کی دیار غیر میں اموات پر سوگوار ہیں، پاکستان بھر میں سانحہ پر قومی سطح پر سوگ منایا گیا ، انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا درندہ صفت انسانی سمگلروں کےخلاف ایف آئی اے حرکت میں آ چکا، لاہور ،کراچی میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، سانحہ میں ملوث تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائےگا،انسانی سمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا کیلئے خصوصی قانون سازی کی جائے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے یونان کوسٹ گارڈ نے ڈوبتے لوگوں کو نہ بچاکر ظلم کیا،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا یونان کشتی حادثے پر جتنا دکھ کا اظہار کیا جائے کم ہے، کئی گھرانے اجڑ گئے، یونان کوسٹ گارڈ نے ظلم کیا،ڈوبتے لوگوں کو نہیں بچایا،ملک میں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے بچے باہر جاتے ہیں،لوگ مجبوری کی وجہ سے سمگلروں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں، انسانی سمگلروں کیخلاف سخت ترین ایکشن ہونا چاہیے، انسانی سمگلنگ قومی مسئلہ ہے ،بند ہونا چاہئے،حکومت اور اپوزیشن ملکر کام کرنا ہوگا۔

مزید برآںایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نارتھ رانا عبدالجبار نے کہا کشتی حادثے کے شکار افراد کے اہل خانہ متاثرین ہیں، ڈرنے کے بجائے ایجنٹ کا نام بتائیں،آئین کے مطابق تحفظ حاصل ہو گا، انسانی سمگلرز کےخلاف مقدمات میں گواہ کا بیان انتہائی اہم ہوتا ہے۔