کراچی پر قبضے کی سازش ناکام،انتخابات قریب،وفاق وعدے پورے کرے،بلاول بھٹو

کراچی(بیورورپورٹ)وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاہے کراچی پر قبضے کی سازش ناکام،نفرت و لسانی سیاست کرنےوالوں کو شکست دی،شہر قائد کی ترقی میری ذمہ داری ہے،5سال بعد جواب لیاجاسکتاہے۔

میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی حلف برداری تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تاریخ میں پہلی مرتبہ پی پی کا میئر ،ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ،عہدیداروں ، کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،سندھ ،قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کا صرف ایک ایک ممبر موجود ہے، جماعت اسلامی کو مشورہ دوں گا آئیںملکر کام کریں، 9 مئی واقعات کے ذمے دار سے زمان پارک میں ملاقات کا مقصد کراچی پر قبضہ کرنا تھا،شکر ہے کراچی پر قبضے کی سازش ناکام ہوئی، سب ملکر کراچی کے مسائل حل کرسکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا نفرت و لسانی سیاست کرنے والے شکست کھا چکے ،عام انتخابات آنے والے ہیں، جلد اپنا منشور عوام کے سامنے رکھیں گے، وفاقی حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مطالبہ نیا نہیں ،امید ہے وفاق کی جانب سے شکایات دور کردی جائیں گے، سیلاب متاثرین کا معاملہ تو بجٹ میں شامل ہونا چاہیے تھا، وزیر اعظم نے معاملے پر اقوام متحدہ ،عالمی پلیٹ فارم پر بہترین تقاریر کی تھیں، امید ہے سیلاب متاثرین کی مدد کا معاملہ بجٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا الیکشن قریب ہے، پارٹی کی مکمل تنظیم سازی کا معاملہ زیر غور نہیں ، نفرت و انتہا پسندی کا نسلوں سے مقابلہ کررہے ہیں،قبرستان شہید جیالوں سے بھرے ہوئے ہیں، شہر جب فون کال پر چلتا تھا اس وقت صرف جیالے سامنے کھڑے تھے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کےلئے ناقابل فراموش قربانیاں دیں، کامیابی تمام شہیدوں کے نام کرتے ہیں،بلاول بھٹو نے کہا دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگانے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا پیپلز پارٹی نے ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا، کشمیر سمیت ملک بھر میں ہر جگہ پیپلز پارٹی کے نمائندے جیت رہے ہیں،ماضی میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکا گیا،کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل کراچی کی ترقی میں ہے ، شہر کی ترقی میری ذمہ داری ہے،5سال بعد مجھ سے جواب لیا جاسکتا ہے، کراچی میں مسائل بہت ہیں ،تعلق وفاق سے بھی ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا بلدیاتی نمائندوں میں کوئی فرق نہیں، عوام تقسیم کی سیاست رد کردیں،شہر قائد میں بھی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا،بلاول بھٹو نے مزید کہایونان میںکشتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، حکومت انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی کرے گی۔