بورڈ حکام طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر توجہ مرکوز رکھیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں بورڈ کی گورننگ باڈی کے اجلاس کا انعقاد، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں طلبہ و طالبات کی طرف سے امتحان شروع ہونے تک داخلہ فارم جمع کرواتے رہنے پر کمشنر کا اظہار ناپسندیدگی، طلبہ و طالبات کے داخلہ فارمز کو بروقت جمع کروانے کو یقینی بنانے اور انہیں بھاری لیٹ فیس سے بچانے کا جامع طریقہ کار وضع کیا جائے،کمشنر کی ہدایت۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی کی سربراہی میں 4رکنی کمیٹی گورننگ باڈی کے اگلے اجلاس میں جامع سفارشات پیش کرےگی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، سیکرٹری ساہیوال بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت اور ممبران کی شرکت۔ اجلاس میں امتحانات کو شفاف بنانے اور ان کے انعقاد میں پیش آنےوالی مشکلات کو دور کرنے کےلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی طرف سے مختلف فیصلوں کے نوٹیفکیشن ساہیوال بورڈ میں لاگو کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ حکام پر زور دیا کہ ان کی تمام توجہ امتحانات کے بروقت انعقاد اور طلبہ و طالبات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہونی چاہیے۔ انہوں نے بورڈ کیلنڈر پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں عدنان محمود کی ڈپٹی کنٹرولر امتحانات تقرری اور ڈپٹی آفیسر کانفیڈینشل پریس ثناءاللہ کے معاہدے میں مزید 6ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کلاس نہم کے بورڈ امتحانات میں اوکاڑہ کے ایک امتحانی مرکز پر میتھ کا سیکنڈ گروپ کا پیپر فرسٹ گروپ میں ڈیلیور ہونے کےخلاف انکوائری رپورٹ پر ذمہ داران کےخلاف کاروائی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ کمشنر ساہیوال /چیئرمین بورڈ شعیب اقبال سید نے امتحانات کے دوران خالی آسامیوں کی وجہ سے سیزنل سٹاف رکھنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر کو ہدایت کی کہ وہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت لینے کےلئے صوبائی حکومت کو سمری بھجوائیں تاکہ اس مسئلہ کا مستقل حل نکالا جا سکے۔ اجلاس میں بورڈ کے اسسٹنٹ محمد امین کے خلاف 6سال سے زیر التواءانکوائری رپورٹ پر غور کیا گیا اور بحث کے بعد اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی ہدایت پر بورڈ اسسٹنٹ عدنان علیم کی سروس کو 25اپریل2018سے ریگولر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ گورننگ باڈی نے مرحوم اسسٹنٹ ظفر اللہ خان کی 12دسمبر 2022 ءکو دوران سروس وفات کے پیش نظر اسکے اہل خانہ کو حکومت کے رولز کے مطابق مالی امداد دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران ساہیوال بورڈ کی گورننگ باڈی کے رکن شوکت علی کی ٹریفک حادثے میں ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کی خصوصی دعا کی گئی۔