کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دےکر بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں:ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے زراعت کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں جدید زراعت کے فروغ، فی ایکڑ پیدا وار بڑھانے اور زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی، پروگرام کے مطابق گندم اور کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے تصدیق شدہ بیجوں کو فروغ دیا جائے گا، زمین کی زرخیزی بڑھانے کے لئے پنجاب سائل فرٹیلٹی بحالی پروگرام شروع کیا جائے گا، جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کو 50فیصد سبسڈی پر فی ایکڑ 60جپسم کے تھیلے دئیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں 50 ہزارایکڑ بنجر اراضی کو قابل کاشت بنانے کے پلان کی بھی منظوری دی گئی، تھل کی آباد کاری کےلئے منکیرہ، چوبارہ اور نورپور تھل کی تحصیلوں میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائےگا، پنجاب میں تحصیل کی سطح پر سائل اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز بنائی جائیں گی جبکہ فیصل آباد میں چین کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ ریسرچ سینٹر بنایا جائےگا، اجلاس میں پنجاب میں چھوٹے کاشتکاروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت وئیر ہا¶سنگ، کولڈ سٹوریج اور پراسیسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، پروگرام کے تحت پوٹھوہار میں 5نئے سمال ڈیمز بنائے جائیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موثر حکمت عملی اپنا کر صوبے میں زرعی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کو فروغ دےکر بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کپاس اور گندم ملک کیلئے معاشی طور پر اہم فصلیں ہیں ان فصلوں کی بہتر پیدا وار کےلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں، سیکرٹری زراعت افتخار سہو، سپیشل سیکرٹری زراعت،محکمہ زراعت،محکمہ آبپاشی کے اعلی حکام اور زرعی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔