لاہور ( نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب کو غیر سیاسی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ماضی میں نیب سیاسی مقاصد کےلئے استعمال ہوتا رہا ،اپنی کمزوریوں کا احساس ہے،نیب کی ساکھ بحال کرنے کےلئے اقدامات کررہے ہیں، بدعنوانی کے خاتمے میں کوئی فیورٹ یا دشمن نہیں، ادارے کو عقوبت خانہ نہیں بنانا۔
نیب کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے، اصل مقصد کرپشن ،وائٹ کالر جرائم کا خاتمہ ہے ،ملزموں کو سزا دینا عدلیہ کا کام ہے،کوششوں کے نتائج کچھ عرصے بعد نظرآجائیں گے،ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے، متاثرین کی مدد کےلئے نئی پالیسی بنا رہے ہیں، حق حلال کی کمائی کو تحفظ دیں گے، نئی قانون سازی سے ہاﺅسنگ سیکٹر میں کسی کو دھوکہ دینا مشکل ہو گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب لاہور آفس میں متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولک سمیت دیگر بھی موجود تھے، چیئرمین نیب نذیر احمد نے مزید کہا دھوکہ دہی کا شکار افراد کو حق لوٹاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے ، بدعنوانی کےخلاف لاہور آفس کی کارکردگی بے مثال ہے، نیب کھربوں روپے کی ریکوری کر چکا ،کرپشن کیسزمیں بالواسطہ و بلاواسطہ ریکوریزہورہی ہیں، ماضی میں نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، وعدہ کرتا ہوں نیب کو 100فیصد غیر سیاسی بناکرکھویا مقام واپس دلائیں گے،یقین دلاتاہوں نیب کی اصلاح کریں گے ،عوام کااعتمادبحال کریں گے ،متاثرین کےلئے نیب سفیر کا لفظ استعمال کرنا چاہتا ہوں، پالیسی نیب کے سفیروں کی تجاویز پر رکھیں گے، مسائل کے حل کےلئے کھلی کچہری کا آغاز لاہور سے ہوگا۔
ملزموں کو سزا دینا عدلیہ کاکام، نیب کو غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے،لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد
















