یاسمین راشد کی بریت چیلنج،بغاوت کیس میں شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)یاسمین راشد کی بریت چیلنج،قریشی کو رہا کرنے کاحکم،بغاوت کیس میں شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے،پنجاب حکومت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں یاسمین راشد کی بریت کو چیلنج کیا ،بریت کےخلاف پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں یاسمین راشد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔

حکومت نے موقف اختیار کیاٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا، سابق صوبائی وزیر نے جناح ہاوس پر حملہ کرنے والی ریلی کی قیادت کی،تمام ثبوت موجود ہونے کے باوجود یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا گیا، فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

ادھر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جج طاہر عباس نے شہباز گل کےخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس پر سماعت کی،دوران سماعت وکیل صفائی نے کہا ڈیوٹی مجسٹریٹ نے آرڈر کیا تھا متعلقہ جج استثنیٰ درخواست پر فیصلہ سنائیں گے، جونیئر پراسیکیوٹر نے کہا ڈیوٹی جج نے استثنیٰ درخواست پر فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

جج طاہر عباس نے کہا بڑی مہربانی آپ کی، جج بغیر سنے آرڈر کیسے کر دے،عدالت نے سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کیا اور شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی رپورٹ طلب کر لی۔

بعد ازاں عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے شہباز گل کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،جج طاہر عباس نے ریمارکس دیئے ملزم کے پاس 2 آپشن ہیں، عدالت کے روبرو پیش ہوجائے تو وارنٹ منسوخ ہوجائیں گے یا آرڈر چیلنج کیا جاتا ہے،عدالت نے استفسار کیا گل صاحب کب آ رہے ہیں ،وکیل نے کہا شہباز گل کی اہلیہ کی سرجری ہونی ہے ابھی کنفرم نہیں ،عدالت نے سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔