پنجاب میں 10برس بعد 45 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت

لاہور (خبر نگار)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں، پنجاب میں 10برس کے بعد تقریبا 45 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت ہو چکی اور15جون تک 50 لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کر لیا جائےگا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا ،کپاس بوائی کی رپورٹ پیش کی گئی، محسن نقوی نے کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا اور ہدایت کی کپاس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کےلئے موثر مینجمنٹ کی جائے،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے صوبے بھرمیں جعلی زرعی ادویات کے انسداد کےلئے بھرپور کریک ڈاون کا حکم دیا اورانسپکٹر جنرل پولیس کو جعلی پیسٹی سائیڈ کیلئے کریک ڈاون کی نگرانی و روزانہ میٹنگ کرنے کی ہدایت کردی، اجلاس میںمعیاری زرعی ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے سٹالز و سنٹرز قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا 3ڈویژن میں کاٹن امور کی نگرانی کےلئے مانیٹرنگ سیل بنائے جائیں گے ،جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گا،پنجاب میں کاٹن کے کاشتکاروں کو اچھے نرخ کی ادائیگی یقینی بنائیں گے، کپاس کا زیر کاشت رقبہ بڑھنے سے نہ صرف فارمرخوشحال ہو گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن پر 3دن میں تمام کارروائی مکمل کرنے کاحکم دیا او رہدایت کی ایل ڈی اے اراضی مالکان کو زیر التوا واجبات کی قانون کے مطابق بروقت ادائیگی یقینی بنائے۔