سیالکوٹ(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے سیاسی جماعتیں یا سیاسی قائدین ریڈ لائن نہیں ، وطن کی مٹی اور شہدا ریڈ لائن ہونے چاہئیں، بھٹو شہید نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کےلئے شروعات کی پایہ تکمیل ن لیگ پہنچایا ، ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے دفاع بہت مضبوط ہو گیا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے نجی کالج کے کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر دفاع نے کہا شہیدوں ، غازیوں کی قدر کرنی چاہیے،شہیدوں کو بھولنے اور یادگاروں کی توہین کرنےوالی قومیں پنپ نہیں سکتیں،2018میں ترقی کو دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا،حالات سے نمٹنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جلد دوبارہ ملک کو تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہوں گے، نوجوان نسل کو صبرو تحمل ، برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے،9 مئی کے واقعات قومی زندگی میں اختلاف رائے کی بدترین متشددشکل تھی ،جتنی مذمت کی جائے کم ہے،شہداکی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ،قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے۔
دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاپی ٹی آئی چھوڑ کر جانے والے عمران خان کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے،نام نہاد سیاسی لیڈر منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہیں، عمران خان کو جس طرح مذمت کرنی چاہیے تھی نہیں کی، سیاستدانوں کو دفاع مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،دفاع کے جذبے کو اقتدار کے بھوکے سیاستدان چیلنج کر رہے ہیں،مزید لوگ بھی چھوڑیں گے، مذاکراتی ٹیم بنائی ہے ،مزید نام دیں تاکہ اگرچھوڑ گئے تو متبادل تو ہوگا۔
وطن کی مٹی اور شہداءریڈلائن،پی ٹی آئی چھوڑنے والے عمران کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پارہے، خواجہ آصف

















